گوجرانوالہ سے نارنگ منڈی جانے والی مسافر کوچ بھاگو ڈیال کے قریب رکشہ کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 8 مسافر جاں بحق جبکہ 22 شدید زخمی ہو گئے۔ ایدھی ٹرسٹ کے سپروائزر وسیم احمد کے مطابق گوجرانوالہ لاری اڈہ سے نارنگ منڈی جانے والی مسافروں سے بھری بس نمبر ایم این بی 4842 موضع بھاگو ڈیال کے مقام پر رکشہ کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں بس میں سوار 2 کمسن بچیوں سمیت 8 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 22 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لاہور، مرید کے اور کامونکی کے ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تمام مسافروں کا تعلق شکر گڑھ اور گوجرانوالہ سے بتایا جاتا ہے۔ ایدھی ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں طاہر، شہزاد ولد شفیق، بابا لال، رحمن ولد اسماعیل، طارق ڈار، رفیق ولد طفیل،اﷲ رکھا اور خدیجہ شامل ہیں۔