وزارت مذہبی امور نے نجی حج ٹورز آپریٹرز کے کوٹے جاری کرنے اور ان آپریٹرز کے ذریعے حج کے خواہشمند شہریوں سے درخواستیں طلب کرنے کے باوجود تاحال ان آپریٹرز کی فہرست جاری نہیں کی کئی آپریٹرز کو تاحال کوٹے کی الاٹمنٹ کے لیٹر جاری نہیں ہوئے جس کی وجہ سے آپریٹرز اور عازمین حج تذبذب کا شکار ہیں
وزارت مذہبی امور نے نجی حج ٹورز آپریٹرز کو کوٹے جاری کرکے اس سلسلے میں حج کے خواہشمند شہریوں سے درخواستیں بھی طلب کرلی ہیں جن کی آخری تاریخ پندرہ ستمبر مقرر کی گئی ہے تاہم وزارت کی جانب سے حج کے کوٹے حاصل کرنے والے نجی ٹورز آپریٹرز کی حتمی فہرست میڈیا سمیت کسی بھی ادارے کو فراہم نہ کرنے سے شہریوں کے ساتھ ساتھ کوٹہ حاصل کرنے والے کئی حج آپریٹرز بھی تاحال اپنے کوٹے کے بارے میں لاعلم ہیں جس سے حج درخواستوں کی وصولی کا کام التوا کا شکار ہے
دوسری جانب کئی حج آپریٹرز اس خوف کا بھی شکار ہیں کہ وزارت دبائو اور سفارش کی وجہ سے ان کے حج کوٹوں میں کمی کررہی ہے اوراس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر برائے مذہبی امور پہلے ہی فرما چکے ہیں کہ حج کوٹوں کی الاٹمنٹ کے سلسلے میں وزارت پر شدید دبائو ہے دوسری جانب حج کوٹے حاصل کرنے والے آپریٹرز کی فہرست جاری نہ کرنے سے اس تاثر کو تقویت ملتی ہے کہ وزارت حج کوٹوں کی الاٹمنٹ میں دبائو کاشکار ہورہی ہے جبکہ اس سلسلے میں سفارش کا پہلو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔