سپریم کورٹ بار، ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز نے اعلان کیا ہے کہ آج 4 ستمبر بروز جمعرات کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال، ملتان، لودھراں، ساہیوال، پاک پتن، وہاڑی، خانیوال، ڈیرہ غازیخان، مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور، بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر سمیت مذکورہ اضلاع کی تمام تحصیلوں کے صدر مقامات پر معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت دیگر معزول ججز کی فوری بحالی، عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی اور قانون کی سربلندی کے لئے دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک تمام اہم جگہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے اور ہر قسم کا نظام درہم برہم و معطل کر دیا جائے گا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ آج جمعرات کے روز پنجاب سمیت ملک بھر میں عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا اور کوئی بھی وکیل سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، سیشن کورٹس، سول کورٹس یا دیگر عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالتی بائیکاٹ کے دوران کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش ہوا تو اس کا لائسنس اور رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد نے معزول ججز کی بحالی کے سلسلہ میں بے شمار اعلانات کئے لیکن ایک بھی اعلان یا وعدہ پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء جلد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور معزول ججز کی بحالی تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر معزول ججز کی بحالی، عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی، قانون کی سربلندی کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی آج 4 ستمبر بروز جمعرات کو صبح 11 بجے نکالی جائے گی۔ مذکورہ ریلی ایوان عدل لاہور سے شروع ہوگی جس کے شرکاء مال روڈ سے ہوتے ہوئے جی پی او چوک پہنچیں گے جہاں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء بھی مذکورہ ریلی میں شامل ہو جائیں گے۔
ریلی مال روڈ سے ہوتی ہوئی پنجاب اسمبلی ہال چیئرنگ کراس پہنچے گی جہاں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا اور وکلاء کی جانب سے دو گھنٹے تک دھرنا دیا جائے گا۔ ریلی سے قبل دونوں تنظیموں کے جنرل ہائوسزکے اجلاس بھی صدر لاہور بار منظور قادر اور صدر ہائیکورٹ بار انور کمال کی زیر صدارت منعقد ہوں گے۔ اس موقع پر عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا، بار رومز پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی۔ اس موقع پر عدلیہ بچائو کمیٹی کے زیر اہتمام بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔ ریلی میں مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، خاکسار تحریک سمیت بعض دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیدارن و کارکنان اور این جی اوز، سول سوسائٹی و دیگر مکاتب فکر کے افراد بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
پاکستان بار کونسل اورپنجاب بار کونسل کی اپیل پر معزول ججز کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کا احتجاج بدھ کو بھی جاری رہا۔ وکلاء نے عدالتوں کا ایک گھنٹہ بائیکاٹ کیا، بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور بار رومز کی عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرائے جبکہ عدلیہ بچائو کمیٹی کے زیر اہتمام لاہور ہائیکورٹ بار کے احاطہ میں احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا جس میں عدلیہ بچائو کمیٹی کے عہدیداران صدر عبدالرشید قریشی، جنرل سیکرٹری جمیل اختر سمیت ہائیکورٹ بار لاہور، ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران و ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت مخالف نعرے بازی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے مطالبات کی منظوری تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے عدلیہ کی آزادی اور معزول ججز کے ساتھ یکجہتی کے لئے بھی نعرے بازی کی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدہ کے مطابق فوری طور پر معزول ججز کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران اتحاد نے فوری طور پر معزول ججز کو بحال اور پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججز کو برطرف نہ کیا تو وکلاء حکمران اتحاد کے خلاف زبردست احتجاجی تحریک چلائیں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ لانگ مارچ میں لاکھوں افراد نے شرکت کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری ججز کو بحال نہ کیا گیا تو آئندہ اقدام کے طور پر اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا جائے گا اور یہ دھرنا اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک معزول ججز بحال ، عدلیہ آزاد نہیں کر دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء تحریک میں انہیں جو بھی قربانی دینا پڑی وہ اس سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکمران اتحاد نے اپنے وعدے کے مطابق پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے باوجود فوری طور پر معزول ججز کی بحالی کا اعلان نہ کیا تو وہ اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے آج جمعرات کو مال روڈ لاہور پر 2گھنٹے تک دھرنا دینے اور احتجاجی ریلی کا بھی اعلان کیا ہے۔