پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ سترہویں ترمیم کا خاتمہ پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے' زرداری نے ہمیشہ اپنے کیے ہوئے وعدے نبھائے۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ آصف علی زرداری صدر پاکستان منتخب ہونے کے بعد اپنے کیے ہوئے تمام وعدوں کو پورا کریں گے' سترہویں ترمیم کا اختیار پارلیمنٹ کو واپس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سترہویں ترمیم کا خاتمہ پیپلزپارٹی کا منشور اور محترمہ بینظیربھٹو شہید کی تعلیمات ہیں۔ آصف علی زرداری ہی آئین کو 1973ء کی پوزیشن میں واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر پاکستان بننے سے سیاسی فیصلوں میں استحکام آئے گا اور ملکی معیشت بہتر ہوگی۔