وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شیری رحمن نے کہا ہے کہ پارلیمان اور ایوان صدر میں توازن بہت ضروری ہے۔ ملک میں اب الزام تراشی کا دور ختم ہونا چاہیے ،صدارتی الیکشن کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری ملک کو مستحکم ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں ، (ق) لیگ کی امیدیں دم توڑ گئیں جبکہ صدارتی الیکشن میں دھاندلی یا ہارس ٹریڈنگ کی کوئی ضرورت نہیں۔ زرداری اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ صدارتی الیکشن کی تکمیل اور آصف علی زرداری کے صدر بننے سے ملک میں جمہوریت کا ایک نیا دور شروع ہوگا جبکہ چاروں صوبوں کیلئے بھی ایک نیا باب شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو تینوں صوبے ، ناردرن ایریا اور تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شیری رحمن نے کہا کہ آصف زرداری باصلاحیت شخصیت ہیں اور وہ صدر منتخب ہونے کے بعد اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے الزام لگانا ان کا جمہوری حق ہے تاہم (ق) لیگ کے ممبران کی بڑی تعداد صدارتی الیکشن میں ہمارے ساتھ ہے اور پیپلز پارٹی کو دھاندلی یا ہارس ٹریڈنگ کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے پاس واضح اکثریت موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں اب الزام تراشی کا دور ختم ہونا چاہیے اور سب کو مل کر ملک کو مضبوط کرنا چاہیے جبکہ پارلیمان اور ایوان صدر بہت حساس ادارے ہیں اور ان میں توازن قائم کرنا ضروری ہے ۔