اسلام آباد ہائی کورٹ نے میریٹ حملہ کیس کے ملزم محمد الیاس کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ فیڈرل کونسل کا کہنا ہے کہ ملزم کا بھائی رانا اشفاق جھنگ سے دھماکے میں استعمال ہونے والا ڈمپر لے کر آیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میریٹ حملہ کیس میں گرفتار ملزم محمد الیاس کی درخواست ضمانت کی سماعت چیف جسٹس سردار محمد اسلم نے کی۔ عدالت نے ملزم کی درخواست سماعت خارج کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ملزم محمد الیاس کی اہل خانہ سے ملاقات کے لئے مناسب انتظام کی ہدایت کی۔
فیڈرل کونسل راجا علیم عباسی نے عدالت کو بتایا کہ میریٹ حملہ کیس میں گرفتار رانا الیاس کا بھائی رانا اشفاق جھنگ سے دھماکے میں استعمال ہونے والا ڈمپر لے کر آیا تھا۔ دھماکے تک رانا الیاس اپنے بھائی اور دیگر دہشت گردوں کے ساتھ رابطے کے لئے اپنا موبائل فون استعمال کرتا رہا۔
فیڈرل کونسل نے کہا کہ رانا الیاس چودہ برس بیرون ملک رہا اور ملزم نے جہادی تربیت حاصل کر رکھی ہے۔ ملزم کے انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ رابطے ہیں۔ ملزم کے وکیل حفیظ خان نے عدالت کو بتایا کہ رانا الیاس کو میریٹ دھماکے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا