سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مختلف ایئرپورٹس سے ہوائی سفر کے خواہشمندوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ہمراہ کم سے کم مسافر اور دوست احباب ایئرپورٹ کے احاطہ میں لائیں کیونکہ سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر چیکنگ کے سخت مراحل سے گزرنے کے علاوہ اس عمل سے دہشت گردی کی کسی بھی ممکنہ واردات سے بچا جاسکتا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد نے اس ضمن میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ چونکہ ان کے ہاں پارکنگ اور جگہ کی قلت ہے اور دو نومبر سے حج آپریشن کی وجہ سے ایئرپورٹس پر مسافروں کا رش زیادہ ہے اس لئے اپنے ساتھ کم سے کم رشتہ داروں' تعلق داروں کو لایا جائے جبکہ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پیش نظر یہ بات رکھیں کہ سیکیورٹی کے حالات کی وجہ سے انہیں اور گاڑیوں کو سیکیورٹی چیک کے تمام مراحل سے گزرنا پڑے گا۔ اس لئے وہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے بروقت ایئرپورٹ تشریف لائیں۔