مرکزی بینک کی طرف سے زرعی اسلامی فنانس کے رہنما اصول جاری کیے جانے کے باوجود موجودہ سیزن کے لیے کوئی بھی اسلامی بینک قرضے جاری نہیں کرسکے گا۔
مرکزی بینک نے رمضان سے ایک روز قبل زرعی اسلامی فنانس کے لیے رہنما اصول جاری کیے تھے اور کہا کہ گیا تھا کہ ملک کے چھ مکمل اسلامی بینک بھی فصلوں ، باغ بانی ، فشریز اور پولٹری کے شعبوں میں قرض فراہم کرسکیں گے ۔
مختلف اسلامی بینکوں کے سربراہوں سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ اکثر بینکوں نے ان اصولوں کا تاحال مطالعہ ہی نہیں کیا ہے ۔
اس کے علاوہ اس وقت تمام اسلامی بینکوں کی شاخیں شہری علاقوں میں ہیں جہاں زرعی قرضوں کی طلب نہیں ہے ۔ اسلامی بینکاروں کا کہنا ہے کہ فصلوں کی کاشت کے موجودہ سیزن میں زرعی اسلامی فنانس صفر رہے گی جبکہ آئندہ سیزن میں بھی یہ چند لاکھ روپے سے آگے نہیں بڑھ سکے گی ۔