تیل کی قیمتوں میں اضافے اور طلب میں کمی کے باعث رواں سال کے دوران عالمی سطح پر فضائی کمپنیوں کا مجموعی خسارہ 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔ شہری ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل جیو وانی بسنانی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ رواں سال کے دوران عالمی سطح پر فضائی کمپنیوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 20 کروڑ روپے کا خسارہ ہونے کا خدشہ ہے۔ قبل ازیں خسارے کا تخمینہ 6 ارب 10 کروڑ ڈالر لگایا گیا تھا تاہم تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد خسارے کا حجم بھی کم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی اضافی قیمتیں اور طلب میں کمی فضائی صنعت کے منافع کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران فضائی کمپنیوں کے ایندھن کا بل ایک کھرب 86 ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے دوران شمالی امریکہ کی فضائی کمپنیاں اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتی ہیں اور ان کا خسارہ 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ یورپی کمپنیوں کا منافع 2.1 ارب ڈالر سے کم کر 30 کروڑ ڈالر رہ جائے گا جبکہ ایشیاء بحرالکاہل کی فضائی کمپنیوں کا منافع 90 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ جانے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2008ء کے دوران مسافروں کی تعداد میں اضافہ کی شرح 1.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو گذشتہ پانچ برسوں کی کم ترین سطح ہے