عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں اضافے کے اثرات ملکی صرافہ مارکیٹوں پر غالب رہے اور ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونے کی قیمت ایک مرتبہ پھر 20 ہزار روپے کی سطح سے تجاوز کر گئی۔ جمعرات کو کراچی صرافہ مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کراچی صرافہ مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 19842 روپے سے بڑھ کر 20142 روپے ہوگئی جبکہ حیدرآباد، لاہور، ملتان، اسلام آباد، فیصل آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں 258 روپے کے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت 19842 روپے سے بڑھ کر 20100 روپے ہوگئی۔ اسی طرح کراچی صرافہ مارکیٹ میں 350 روپے کے اضافے سے فی تولہ سونے کی قیمت 23150 روپے سے بڑھ کر 23500 روپے جبکہ ملک بھر کی دیگر صرافہ مارکیٹوں میں300 روپے کے اضافے سے فی تولہ سونے کی قیمت 23150 روپے سے بڑھ کر 23450 روپے ہوگئی۔ علاوہ ازیں عالمی صرافہ مارکیٹ میں 18 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت 794 ڈالر سے بڑھ کر 812 ڈالر ہوگئی۔