سویڈن کی حکومت نے معروف امریکی کارساز کمپنی '' والوو'' کو خریدنے سے انکار کردیا۔ امریکی گروپ فورڈ نے عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے مالی مشکلات پر قابو پانے کی غرض سے سویڈن میں کار ساز کمپنی '' والوو'' کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم منگل کو سویڈن کی وزیر توانائی وانٹر پرائزز مودالفسن نے کہا کہ کارساز کمپنی کو خریدنا ہماری صنعتی پالیسی میں شامل نہیں' ہم ٹیکس دہندگان کی رقومات کو خسارے کے کاموں میں صرف نہیں کریں گے۔ سویڈن کی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ ہم اس بات کا جائزہ ضرور لیں گے کہ کس طرح ٹیکس دہندگان کی رقومات کو ضائع کئے بغیر کار ساز کمپنی کو بچانے کے لئے کیا کر سکتے ہیں۔ امریکی کار ساز کمپنی میں جرمنی کی بی ایم ڈبلیو فرانس کی رینالٹ کمپنی دلچسپی رکھتی ہے۔ سویڈن وزیر نے اعتراف کیا کہ عالمی بحران کے اس مشکل ترین دور میں کار ساز کمپنی کے لئے خریدار ڈھونڈنا ایک مشکل کام ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ ہی ہمارے پاس کوئی ہنگامی بینک موجود ہیں جہاں سے مالی مشکلات سے دوچار کمپنیوں کو امداد فراہم کی جاسکے۔