بالی وڈ فلم ساز ٹھاکر دنیش کمارکی فلم ’سونیا سونیا ‘ سینسر بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے پاس کر دی ہے ۔ فلم اِس سال 14 نومبر کو جواہر لال نہرو کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز ہوگی ۔

سونیا سونیا2005ء میں سینسر بورڈ کے پاس آئی تھی تاہم بورڈ نے دنیش کمار کو فلم کی ریلیز سے قبل سونیا گاندھی سے اجازت لینے کے لیے کہا ۔ دنیش کے مطابق انھوں نے کانگریس صدر کو خط لکھا تھا تاہم سونیا گاندھی نے کبھی اْن سے رابطہ قائم نہیں کیا ۔جس کے بعد فلم کے ہدایت کار نے انصاف کے لیے بمبئی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔
قانونی جنگ جیتنے کے بعد دنیش نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
سینسر بورڈ نے فلم سونیا سونیا میں نو جگہ قطع و برید کرکے اْسے نمائش کے لیے پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔
دنیش پہلے فلم ساز نہیں جنھیں سونیا گاندھی پر بنی اپنی فلم کی ریلیزکے لیے سیاسی پارٹی کانگریس کی مخالفت کوعدالت میں چیلنج کرنا پڑا ۔ گذشتہ کئی برسوں سے مشہور فلم ساز جگموہن موندھرا بھی سونیا کی زندگی پر فلم بنانا چاہتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی اْنہیں بھی فلم بنانے سے روکنے کے لیے قانونی نوٹس جاری کرچکی ہے ۔
سونیا گاندھی سے کئی ملاقاتوں کے بعد آخرکار موندھرا فلم کے لیے کانگریس کی رضامندی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ موندھرا کی فلم سونیا کی عکس بندی اگلے سال 2009ء میں شروع ہوگی ۔
با لی وڈ کی صف اول کی اداکارہ موہالی کرکٹ کی روح رواں اور عالمی فنکارہ پریٹی زنٹا کا نام آئندہ فلم میں بھارت کی سب سے زیادہ طاقتور سیاسی شخصیت سونیا گاندھی کے کردار کیلئے سرفہرست ہے جو کہ انڈین کانگریس کی صدر ہیں۔ القمران لائن کے مطابق اس کردار کیلئے جن اداکاروں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں پریٹی زنٹا سرفہرست ہیں، فلم کو جگ موہن مندرا ڈائریکٹ کریں گے۔
مندرا کا کہنا ہے کہ اب تک جن اداکاراؤں کو پیش نظر رکھا گیا ہے ان میں پریٹی زنٹا کی شباہت سونیا گاندھی سے قریب تر ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ ہفتے پریٹی زنٹا سے ملاقات بھی کی تھی اور ان سے سونیا گاندھی کا کردار ادا کرنے کے بارے میں بات چیت بھی کی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ مندرا فلم کیلئے ایک اطالوی اداکارہ کو تلاش کررہے ہیں جو کہ سونیا گاندھی کے اولڈ پارٹ کو ادا کرسکے۔ اس سلسلے میں اٹالین اداکارہ مونیکا بلیچی کو فلم میں لینے پر غور مکمل کرلیا ہے۔ تاہم سونیا کی جوانی کے کردار کیلئے تاحال معاملات زیرو پر ہیں اس لئے یہ دیکھنا ہے کہ کون سی اداکارہ اس رول کو بخوبی ادا کرسکتی ہے۔
حتمی طور پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا مگر امید ہے کہ مندرا اپنا ذہن پریٹی زنٹا کیلئے بناچکے ہیں جس کا اعلان عنقریب کردیا جائے گا۔ فلم کی کہانی سونیا کی 18 سے لے کر 52 سال تک کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جس میں نوجوان اطالوی حسینہ کے انڈین نوجوان سے رومان کی داستان بھی شامل ہے جو شادی کرکے ہندوستان آتی ہے جہاں اسے بے انتہا تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر وہ اپنی بے مثال خدمات اور خلوص نیت سے قوم کی خدمت کے باعث کروڑوں دلوں کی دیوی بن جاتی ہے جس کی پرستش کی جاتی ہے۔
بالی وڈ میں جہاں اداکارائیں اپنے ناز و نخرے اور اداؤں سے لوگوں کو محظوظ کررہی ہیں وہیں پریٹی زنٹا اپنی زندگی کا ایک عظیم کردار ادا کرنے کی تیاری کررہی ہیں جو ایک باوفا خاتون اور عظیم سیاستدان کا رول ہے جس نے ایک ارب سے زائد آبادی کی قسمت تبدیل کردی ہے۔