بالی وڈ انڈسٹری میں بہت سی ایسی اداکاریں ہیں جو ناکام فلموں کے باوجود شائقین کے دلوں پر راج کرتی ہیں اور نمبروں کی فہرست میں شامل رہتی ہیں۔ فلمی چکا چوند کا حصہ بننے والی انہی اداکاراؤں میں ایک نام پریانکا چوپڑا کا ہے جو بالی وڈ کے ہدایتکاروں کو ناکام فلمیں دینے کے باوجود شائقین کی پسندیدگی کی وجہ سے نمبر ون پر ہیں۔ اگر چہ بالی وڈ میں فنکار اس وقت تک فلمساروں کی اولین ترجیح ہوتے ہیں جب تک وہ سپر ہٹ فلمیں دیں لیکن پرنکا چوپڑا کو اس بات کی فکر نہیں ہے کہ ان کی فلمیں کامیاب ہیں یا ناکام۔ وہ اس معاملے میں ذرا خوش قسمت ہیں کیونکہ یکے بعد دیگرے فلاپ فلمیں دینے کے باوجود بھی یہ اداکارہ شائقین کی توجہ کا باعث بنتے ہوئے ان کے دلوں میں گھر کئے ہوئے ہے ۔ پریانکا 1982ء میں جمشید پور جھارکنڈ میں پیدا ہوئیں۔ بریلی سے تعلیم کے دوران وہ امریکا چلی گئیں جہاں انہوں نے نیوٹن کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ممبئی میں ایک کالج میں داخلہ لے لیا۔
مس ورلڈ کا خطاب جیتنے کے بعد وہ تعلیمی کرئیر آگے جاری نہ رکھ سکیں۔ یاد رہے کہ انہیں پانچیوں بار بھارتی مس ورلڈ بننے کا خطاب حاصل ہوا۔ مس ورلڈ بننے کے بعد ان پر ہالی وڈ کے دروازے کھل گئے اور اسے متعدد فلمساروں نے فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ پریانکا نے پہلی بار تامل فلم "تھیمز" میں کام کیا جس میں ان کی آواز میں ایک گانا بھی شامل تھا۔
فلم "دی ہیرو لو اسٹوری آف اے سپائے"میں کام کرنے کے بعد فلم " انداز"میں پریانکانے اپناپہلا ایوارڈ جیتا اور اسی فلم کے لیے انہیں معاون اداکارہ کا بہترین ایوارڈ ملا۔ وہ اب تک بہت سی فلمیں کر چکی ہیں جن میں"مجھ سے شادی کرو گی"، "اعتراض"، "سلام عشق" اور "لو سٹوری "2005 شامل ہیں۔
پریانکا کی حال ہی میں فلم "گاڈتوسی گریٹ ہو" اور "چمکو" ریلیز ہوئی ہیں لیکن ان دونوں فلموں کے فلاپ ہونے کے باوجود بھی پریانکا شائقین کی توجہ کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ یہ فلمیں اداکارہ کے کرئیر کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت نہیں ہوئیں لیکن پھر بھی وہ اپنی نئی فلم "فیشن" کی شوٹنگ میں مصروف اور اس کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔
ان کی نئی آنے والی فلموں میں "ڈورونا"، "فیشن "اور "دوستانہ" کے نام قابل ذکر ہیں۔پریانکا اپنے فلمی کرئیر سے اس قدر سنجیدہ ہیں کہ انہوں نے ہر کردار میں خود کو بہتر طریقے سے ڈھالنے کے لئے اس کی باقاعدہ تربیت لینا شروع کر دی ہے لیکن ان کے ستارے اس وقت گردش میں ہیں ۔ اگر ان کی آنے والی فلم کامیاب نہ ہوئی تو انہیں بالی وڈ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔