دپیکا اپنی آنے والی نئی فلم چاندنی چوک ٹو چائنا میں ایکشن سٹار بننے پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے اس فلم میں بہت سے اسٹنٹ سین فلمبند کرائے اور اس کے بعد وہ خود کو خواتین کی اکشے کمار شمار کر رہی ہیں۔ ایک بیان میں دپیکا نے بتایا کہ انہوں نے اس فلم میں بہت سے ایسے سین فلمبند کرائے جو بہت خطرناک تھے مگر وہ ان تمام چیزوں کیلئے پہلے سے تیار تھیں۔
دپیکا نے کہا کہ وہ اس فلم میں بہت مختلف کردار میں نظر آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکشے نے اس فلم میں ان کی بہت مدد کی، انہیں بہت سے ایکشنز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ایکشن ڈانس کی طرح ہوتے ہیں اس لئے ان سینز کو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ عکسبند کرانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اچھا لگتا ہے جب میں خود کو خواتین کی اکشے کمار شمار کرتی ہوں۔