ہالی وڈ کے مشہور و معروف اداکار ول اسمتھ ان دنوں فلم ' سیون پاؤنڈز' کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔یہ فلم بہت جلد نمائش کے لئے پیش کر دی جائے گی۔ گیبریلی موکینوفلم سیون پاؤنڈز کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔گیبریلی موکینو کا کہنا ہے کہ ول اسمتھ ایک قابل اداکار ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا اچھا لگا وہ ہمیشہ ایسی فلموں کا انتخاب کرتے ہیں جو کامیاب ثابت ہوتی ہے اور میں اس حوالے سے پر امید ہوں کہ سیون پاؤمڈز بھی لوگوں میں مقبولیت حاصل کرے گی۔ول اسمتھ اس فلم میں بین نامی ایک آئی آر ایس ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں،جو کہ اپنی اہلیہ کے انتقال کے بعد خود کشی کا ارادہ کرتا ہے اور ماضی میں کی گئی اپنی غلطیوں پر شرمندگی محسوس کرتا ہے،مگر اس دوران اسے ایملی نامی ایک خاتون سے محبت ہو جاتی ہے۔اس فلم کی دیگر کاسٹ میں روساریو ڈوسن،ووڈی ہیرلسن ،بیری پیپر اور مائیکل ایلی شامل ہیں،اس فلم میں ٹام کروز اور نکول کڈمین کے تیرہ سالہ صاحبزادے کونور کروز بین کے بچپن کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ یہ فلم انیس دسمبر کو نمائش کے لئے پیش کر دی جائے گی۔