پاکستان کی سینٹ میں انگور اڈہ وزیرستان میں اتحادی فورسز کے حملے اور وزیراعظم کے قافلہ پر حملے کے خلاف دو الگ الگ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کیں گئیں۔
سینٹ کے قائم مقام چیرمین جان محمد جمالی نے اجلا س کے آغاز پرسینٹ کی معمول کی کاروائی کو معطل کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی فورسز نے ہمارے بچوں کو قتل کیا اس پر قرار داد لائی جائے۔
القمر آن لائن کے اسلام آباد کے نامہ نگار کے مطابق قائد ایوان رضا ربانی نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔سینٹر پروفیسر خورشید، نعیم چٹھ،عبدالرحیم مندوخیل ،عبدالغفور حیدری اور دیگر ارکان نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کو اس سلسلے میں واضح حکمت عملی اپنانی چاہیے۔
القمر آن لائن کے مطابق مسلم لیگ نواز کے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث کرکے ایک روڈ میپ دینا چاہیے۔نثار اے میمن نے پاکستان برطانیہ کے دفاعی تعلقات کے بارے میں قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی سینیٹ میں مجموعہ ضابطہ دیوانی ترمیمی بل دو ہزار آٹھ بھی پیش کیا گیا۔جسے نظر ثانی کیلئے وزارت قانون کو بھجوادیا گیا۔