پاکستان کے صوبہ سرحد میں پشاور ہائی کورٹ کے معزول چیف جسٹس طارق پرویز نے کہا ہے کہ کل جمعے کے روزوہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے تاہم انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے دوسرے معزول ججوں کی حلف برداری سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے تین نومبر کے اقدام کے بعد پشاور ہائی کورٹ کے چار ججوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیاتھا جن میں معزول چیف جسٹس طارق پرویز کے علاوہ جسٹس دوست محمد خان ،جسٹس شاہ جہاں خان اور جسٹس اعجاز افضل شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر سرحد معزول چیف جسٹس سے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف لیں گے ۔
پشاور سے القمر آن لائن کے نامہ نگار کے مطابق حلف برداری کی تقریب جمعہ کی صبح گیارہ سے دوپہر بارہ بجے کے درمیان گورنر ہاوس پشاور میں منعقد ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دوست محمد اورشاہ جہاں یوسف زئی بھی پشاور ہائی کورٹ کے ججوں کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ان سے نئے چیف جسٹس طارق پرویز حلف لیں گے۔تاہم دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ کے تین معزول ججز نے اپنی بحالی سے لا علمی کا اظہار کیا ہے ۔