سوات سے القمر آن لائن کے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ سوات کی تحصیل کبل میں سیکورٹی فورسز کی تازہ کارروائیوںمیں 17شدت پسند ہلاک جبکہ مکان پر گولے گرنے سے 2 افراد بھی مارے گئے۔
کوزہ بانڈی میں شدت پسندوںکے خلاف 3 روز سے سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکورٹی فورسز کو گن شپ ہیلی کاپٹروںکی مدد بھی حاصل ہے۔ کارروائیوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوںکے دوران ہلاک ہونیوالے شدت پسندوںکی تعداد 26 ہوگئی جن میں شدت پسندوں کے 3 اہم رہنما بھی شامل ہیں۔
فوج کے اطلاعات کے مرکزآئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوزہ بانڈی میں آپریشن آخری مراحل میں ہے۔ مینگورہ شہر میںسہ پہر چار بجے سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میںنرمی کا اعلان کیاگیا۔
ادھر القمر آن لائن کے نمائیندے کے مطابق مینگورہ کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں کرفیو ختم کردیا جائے۔ دوسری جانب کوزہ بانڈی، برہ بانڈی اور ملحقہ علاقوں سے لوگوںکی نقل مکانی جاری ہے تاہم کرفیو کے باعث نقل مکانی کرنے والوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔