پاکستان میں آصف زرداری کے نئے صدر منتخب ہونے کے بعد دیگر دو صدارتی امیدوار مشاہد حسین سید اورسعید الزمان صدیقی نے صدارتی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کو تسیلم کرتے ہوئے نو منتخب صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آصف زرداری ملکی مسائل کے حل کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
القمر آن لائن کے نامہ نگار اسلام آباد کے مطابق نتاےج کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے مسلم لیگ نواز کے صدارتی امیدوار جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزمان صدیقی نے کہا کہ صدارتی انتخاب ایک اچھے ماحول میں ہوا جس سے کسی کو کوئی شکایت نہیں ہوئی ہے۔
سعید الزمان صدیقی کے مطابق ملک کو اس وقت مختلف مسائل کا سامنا ہے جس کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس وزیراعظم کا عہدہ اور تین صوبوں میں حکومت کے بعد صدر بھی ان کی جماعت کا منتخب ہو گیا ہے اس لیے ان کے خیال میں پیپلز پارٹی کے ذمہ داری میں اضافہ ہو گیا ہے۔
مسلم لیگ ق کے صدارتی امیدوار سینیٹر مشاہد حسین نے اس موقع پرکہا کہ وہ صدارتی انتخاب کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آصف علی زرداری سے امید کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے حوالے سے ایک نئی سوچ کے ساتھ آگے آئیں گے اور صحیح معنوں میں اب وفاق کی علامت ہوں گے۔