القمر آن لائن کے لندن مرکز میں مانیٹر کیئے گئے تبصروں کی روشنی میں عالمی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی و سیاسی حالات غیریقینی صورتحال کا شکار ہیں اور آصف علی زرداری کی صدارت میں پاکستان مزید مشکلات سے دوچار ہوسکتا ہے ۔
آصف علی زرداری بطور صدر پاکستان عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں ۔ عالمی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی و سیاسی حالات غیریقینی صورتحال کا شکار ہیں ، پرویز مشرف کی پالیسیوں کا تسلسل جمہوری صدر کے لئے بڑا چیلنج ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ، معاشی اصلاحات کا موثر نفاذ اور سیاسی استحکام صدر آصف علی زرداری کے اہم اہداف ہونگے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آصف زرداری پاکستان کے تیسرے ایسے صدر ہیں جو قیدو بند کے تجربے سے گزرچکے ہیں ۔ سنڈے ٹائمز ، سنڈے ٹیلیگراف اور نیو یارک ٹائمز سمیت دیگر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے پاکستان کو درپیش مسائل کو نو منتخب صدر آصف علی زرداری کے لئے بڑا چیلنج قرار دیا ۔
سنڈے ٹائمز کے مطابق آصف علی زرداری کے اقتدار میں آنے سے بھٹو خاندان کی سیاسی قوت تقسیم ہوگئی اور آصف علی زرداری کے منصب صدارت سنبھالتے ہی دوست اور دشمنوں میں انجانے خدشات پیدا ہوگئے