پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ آصف علی زرداری کے واضح اکثریت سے صدر پاکستان کے طور پر انتخاب سے ملک میںجمہوری عمل مکمل ہوگیا ہے۔
اسلام آباد سے القمر آن لائن کے نمائیندے کے مطابق وزیر اعظم گیلانی امریکی کانگریس کے چھ رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے وزیر اعظم ہائوس میںملاقات کی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہا رکیا کہ1973ءکے آئین کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا جس سے آزاد صحافت اورآزاد عدلیہ کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میںمدد ملے گی۔
وفد میں ڈیموکریٹس ارکان جم کوپر اورر نینسی بوائیڈا، ری پبلکن ارکان ٹامس پیٹری، جان پورٹر اور ڈیوو ریشرٹ شامل تھے۔ امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
اسی دوران جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے نومنتخب صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے اختیار اٹھاون ٹو بی کو ختم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کی سرزمین پر حملے ہورہےہیں اور دیکھنا یہ ہے کہ کیا آصف علی زرداری سابق صدر پرویزمشرف کی پالیسی کو جاری رکھیں گے یا امریکہ کے ساتھ شدت پسندی کی جنگ کے معاملے پر نظرثانی کریں گے۔