لاہور بسنت فیسٹیول نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ بسنت 23 اور 24 فروری کو منائی جائے گی جس میں تقریباً 50 لاکھ لاہوریئے، ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کی ایک کثیر تعداد دنیا کے بڑے فیسٹیول میں شرکت کرے گی جس کیلئے لاہور بسنت فیسٹیول کے آرگنائزر سید ذوالفقار حسین نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر لاہور محمد اعجاز احمد کودرخواست میں باضابطہ بسنت کی تاریخ سے آگاہ کرتے با قا عدہ اجا زت طلب کی ہے۔
درخواست میں بتایا ہے کہ بسنت فیسٹیول عوامی شرکت کے لحاظ سے دوسرا کا ایک بڑا فیسٹیول بن چکا ہے جس میں ہر سال لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خطرناک پتنگ بازی کی وجہ سے ماضی میں جو حادثات ہوئے اس پر ہر شخص افسردہ ہے۔ اگرچہ حکومت نے پہلے ہی چرخی، موٹی ڈور اور بڑی بڑی پتنگوں کے علاوہ پتنگ بازی پر ہر قسم کی پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بسنت فیسٹیول کی تاریخ مقرر کرنے سے بین الاقوامی سطح پر ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹوں کے علاوہ ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کو موقع ملے گا کہ وہ قبل از وقت اپنے پروگرام ترتیب دے سکیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خطرناک پتنگ بازی کے خلاف عوامی شعور کی بیداری کیلئے سکولوں اور کالجوں کے طلبہ میں تفریح سے پہلے زندگی کے موضوع پر بھرپور مہم چلائی جائے جبکہ لاہور کی 30 مختلف سڑکوں پر ایکس نما تاریں لگانے کا منصوبہ بھی دسمبر میں مکمل کیا جائے تاکہ موٹر سائیکل سوار حادثات سے محفوظ رہ سکیں۔ سید ذوالفقار حسین نے مزید کہا کہ ہم امن پسند اور محب وطن پاکستانی ہیں۔ بم دھماکے یا دہشت گردی پاکستانیوں کی پہچان نہیں بلکہ ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔