ایران کے صدر احمدی نژاد نے پاکستان کے نومنتخب صدر آصف علی زرداری کو بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ہفتہ کو یہاں سرکاری ذرائع کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان کے نومنتخب صدر کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر شعبہ میں مزید فروغ پائیں گے۔
ایرانی صدر نے آصف زرداری کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
امریکہ اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک نے بھی آصف علی زرداری کی صدارتی انتخاب میں کا میابی پر مبارک باد دی ہے
۔وائٹ ہاوٴس کے ترجمان گورڈن جونڈرو کے مطابق صدربش نے آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔صدر بش نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے آصف زرداری کی کامیابی کا خیر مقدم کیا۔
امریکی وزیر خارجہ کنڈولیزارائس نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صدر کا انتخاب نئی جمہوری حکومت کیلئے ایک مثبت علامت ہے جس میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے خاوند آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور پرویز مشرف کی جگہ سربراہ مملکت منتخب ہوئے۔
اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے نئے صدر کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے بعد پاکستان کی نئی جمہوری حکومت کا خیر مقدم کیا اور اب نئے صدر کے انتخاب کے بعد دونوں ممالک اچھے انداز میں آگے بڑھیں گے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہاکہ پاکستان کے استحکام کے لیے زرداری کو تعاون فراہم کیا جائے گا۔
۔یورپی یونین نے آصف علی زرداری سے خطے کے سیکورٹی مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
افغان صدر حامد کرزئی نے کہاہے کہ زرداری کے صدر بننے کے بعد خطے کے حالات تبدیل ہوسکتے ہیں۔