بنگلہ دیش میں شدید سیلاب سے 72 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد دریائوں اور ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی ہے اور بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے فلڈ کنٹرول کے محکمہ کے مطابق ملک کے تین بڑے دریائوں گنگا، برہمپترا اور میگنا میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کے باعث مزید علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گنگا اور برہمپترا میں پانی کی سطح پہلے ہی خطرے کے نشان سے بلند ہے اور آئندہ تین روز میں مزید علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں ہر سال سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے طول و عرض میں دریائوں کا جال بچھا ہوا ہے اور ملک میں مجموعی طور پر دریائوں کی تعداد 230 سے زائد ہے۔ گذشتہ سال جون اور اگست میں بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ ملک کا 40 فیصد رقبہ زیر آب آ گیا تھا۔