بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمان کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔ طارق رحمان 2001ء سے 2006ء تک بنگلہ دیش کے طاقتور ترین افراد میں شمار ہوتے تھے۔ طارق رحمان کو 13 مختلف الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا تھا تاہم علاج معالجہ کی غرض سے سابق وزیراعظم کے بیٹے کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ وکیل صفائی نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے طارق رحمان پر تشدد کر کے ان کے جسم کا ایک حصہ مفلوج کیا ہے جسے اب طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ توقع ہے کہ طارق رحمان علاج معالجہ کی غرض سے جلد بیرون ملک روانہ ہوں گے۔ عدالت نے چند روز قبل طارق رحمان کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا تاہم ان کی باضابطہ رہائی بدھ کو عمل میں لائی گئی۔