جنوبی امریکی علاقوں میں سمندری طوفان گسٹاوہ کی شدت میں کمی آرہی ہے مگر ابھی بھی طوفان کیٹیگری ون کی شدت سے موجود ہے اور نوے میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔امریکی ریاست لوزیانہ کے شہر نیو اورلینز سے سمندری طوفان گسٹاوہ کے ٹکرانے کے بعد اس کی شدت میں کمی آرہی ہے۔گسٹاوہ طوفان کیٹیگری ٹو کی شدت سے نیواورلینزسے ٹکرایا تھا۔اس وقت ایک سو دس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں اور پانی نائنتھ وارڈ نیو اورلینز کے انڈسڑیل زون میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے بنائی گئی دیوار سے ٹکرارہا تھا۔محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بتایا کہ پیش گوئی کے برعکس طوفان اور ہواؤں کی شدت میں کم تھی۔ میامی سے نیشنل ہیوریکین سینٹرنے بتایا کہ اب سمندری طوفان گسٹاوہ کو کیٹیگری ون میں شمار کیا جارہا ہے اور ابھی بھی نوے میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔سمندری طوفان کا رخ اب امریکی ریاست ٹیکساس کی طرف ہوگیا ہے۔امریکی صدر جارج ڈیبلو بش نے سمندری طوفان گسٹاوہ کو خطرناک قرار دیا ہے۔امریکی صدر نے اپنی ری پبلیکن جماعت کے کنوینشن میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اپنی آبائی ریاست ٹیکساس روانہ ہوگئے ہیں تاکہ ممکنہ طوفان سے بچاؤ کے انتظامات کی خود نگرانی کرسکیں