Home / اہم ترین / راولپنڈی: جنرل (ر) خالد شمیم وائیں ٹریفک حادثے میں جاں بحق

راولپنڈی: جنرل (ر) خالد شمیم وائیں ٹریفک حادثے میں جاں بحق

چکری کےقریب ٹریفک حادثے میں جنرل (ر) خالد شمیم وائیں جاں بحق ہوگئے۔

 راولپنڈی کے علاقے چکری کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں افواج پاکستان کے سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) خالد شمیم وائیں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ کار کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا جس میں جنرل (ر) خالد شمیم کا بیٹا زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی جنرل (ر) خالد شمیم کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

جنرل (ر) خالد شمیم کا کیرئیر

سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے جنرل خالد شمیم وائیں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی اور 1972 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔

وہ انفنٹری کمانڈر سے کور کمانڈر تک مختلف عہدوں پر 9 سال بلوچستان میں تعینات رہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ انہیں بلوچستان کے بارے میں وسیع معلومات تھیں۔

خالد شمیم وائیں کو 2010 میں اس وقت کے آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کے دور میں فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کیا گیا تھا، وہ 7 اکتوبر 2013 تک چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی رہے۔

سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بلوچستان میں ہونے والے فوجی آپریشن کے وقت جنرل شمیم وائیں کور کمانڈر تھے

About محمد ہارون عباس قمر

محمد ہارون عباس، صحافی، براڈکاسٹراورسافٹ وئر انجینئرپاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم فیصل آباداوربراڈکاسٹنگ کی تعلیم ہلورسم اکیڈمی ، ہالینڈسے حاصل کی۔ کمپیوٹر میں تعلیم اسلام آباد، پاکستان سے حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ، ریڈیائی صحافت سے وابستہ رہے ہیں۔اس حوالے سے پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلزکے ساتھ ساتھ ریڈیو ایران،ریڈیو پاکستان سے ان کی وابستگی رہی۔ تعلیم اور صحافتی سرگرمیوں کے سلسلے میں وہ پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ ایران، سری لنکا، نیپال، وسطی ایشیائی ریاستوں‌کے علاوہ مشرقی یوروپ کے مختلف ممالک کا سفر کر چکے ہیں۔مختلف اخبارات میں سماجی، سیاسی اور تکنیکی امور پر ان کے مضامین شائع ہوتے رہتے ہیں۔علاوہ ازیں اردو زبان کو کمپیوٹزاڈ شکل میں ڈھالنے میں ان کا بہت بڑا کردار ہے۔ محمد ہارون عباس ممتاز این جی اوز سے وابستہ رہے ہیں۔ جن میں جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم ساوتھ ایشین سنٹر اور پاکستان کی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندہ فورم پاکستان این جی اوز فیڈرشین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی میڈیا ونگ اسلام آباداور پاکستان کے پارلیمنٹرینز کی تنظیم پارلیمنٹرین کمشن فار ہیومین رائٹس میں بھی تکنیکی امور کے نگران رہے ۔وہ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز گروپ جنگ گروپ آف نیوزپیپرز، پاکستان کے اردو زبان کے فروغ کے لئے قائم کئے گئے ادارے مقتدرہ قومی زبان ، پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی گروپ دیوان گروپ آف کمپنیز کو تکنیکی خدمات فراہم کرتے رہے ہیں۔ محمد ہارون عباس القمر آن لائن کے انتظامی اور تکنیکی امور کے نگران ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں انٹرنیٹ پر پاکستان کی تمام نیوز سائٹس کے پلیٹ فارم پاکستان سائبر نیوز ایسوسی ایشن کے پہلے صدر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے