Breaking News
Home / اہم ترین / وزیر اعظم عمران خان دھمکی آمیز زبان استعمال کرنا چھوڑ دیں: شہباز شریف

وزیر اعظم عمران خان دھمکی آمیز زبان استعمال کرنا چھوڑ دیں: شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بتائیں نواز شریف کس سے این آر او چاہتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دبئی میں ظاہر نہ کی گئی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے اور اب ان سے این آر او ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او کے بارے میں کس نے کہا اور کون لوگ تھے جنہوں نے کہا نواز شریف این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم اس شخص کا نام بتائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم ہمیں ڈرائیں دھمکائیں نہیں ان مراحل سے پہلے بھی گزر چکے ہیں، ہم نے ماضی میں بھی آمریت کا مقابلہ کیا اور ہتھیکڑیاں سہیں، کوڑے کھائے، آپ کس کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم دھمکی آمیز زبان استعمال کرنا چھوڑ دیں، اس سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے، کون کہتا ہے آپ کرپشن کرنے والوں کو چھوڑیں۔
وزیراعظم کے یوٹرن کے بیان سے متعلق شہباز شریف نے کہا کہ اگر یوٹرن لینا بڑی صفت ہے تو دنیا میں ہم پر کون اعتبار کرے گا، کیا وزیراعظم کو احساس ہے ان کے بیان سے پاکستان کے بارے میں منفی تاثر قائم ہوگا، سنجیدہ لوگ کہیں گے کہ اگر وزیراعظم ہی اس طرح کی بات کر رہے ہیں تو ان پر کس طرح اعتبار کرلیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم کی منطق مجھے اور 20 کروڑ عوام کو سمجھ نہیں آئی تو دنیا کو کیسے سمجھ آئے گی جب کہ اپنے بیان پر وہ اب بھی زور دے رہے ہیں کہ انہوں نے جو بیان دیا وہ درست ہے، وزیراعظم سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ان کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اب بھی کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کہاں ہیں وہ لوگ جن کے بارے میں کہتے تھے ہماری حکومت آئے گی تو ڈالروں کی برسات ہوگی، ہمیں 22 کروڑ عوام کا مفاد سب سے عزیز ہے۔

About ویب ڈیسک

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے