Breaking News
Home / اہم ترین / وزیر اعظم عمران خان کا قبائلی اضلاع کیلئے متعدد فلاحی پیکجز کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان کا قبائلی اضلاع کیلئے متعدد فلاحی پیکجز کا اعلان

میران شاہ: وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر قبائلی اضلاع میں صحت، تعلیم، روزگار اور انتظامیہ کے شعبوں میں متعدد فلاحی پیکجز کا اعلان کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے مشترکہ جرگے سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے قبائلی اضلاع کیلئے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں 3 فیصد حصہ دینے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے بلدیاتی اور صوبائی انتخابات جلد سے جلد کرانے کیساتھ ساتھ پولیس اصلاحات کا بھی اعلان کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ لیویز اور خاصہ دار فورس کی نوکریاں محفوظ رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی نظام بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا اور اس سے مشاورت کے ذریعے تنازعات حل کیے جا سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کیلئے میڈیکل کالج اور ہسپتال، شمالی وزیرستان میں یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کئے جائیں گے جبکہ قطر میں قبائلی اضلاع کو ملازمتوں کا بڑا حصہ ملے گا، ان علاقوں کیلئے بلاسود قرضوں، کمپیوٹرز اور کھیل کے میدانوں کے ساتھ پولیس اور ایف سی میں ملازمتیں اور خصوصی کوٹہ کو بڑھا کر تقریبا دگنا کیا جائے گا۔
انہوں نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موبائل سروس کی بحالی، مکانات کی تعمیر کیلئے قرضہ، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، قومی شناختی کارڈ کی جلد فراہمی کیلئے نادرا کے سہولتی مراکز اور مساجد کو شمسی توانائی کے پینلز کی فراہمی کے اعلانات بھی کئے۔

About ویب ڈیسک

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے