بھارت کولیاقت علی خان کے’’ مکے‘‘ جیسا پیغام دیں گے،شاہ محمود قریشی

بھارت نے اپنے اقدام سے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کر دیا، وزیرخارجہ کا انٹرویو
تاریخ بتائے گی اس فعل سے بھارت کے وفاق پر کاری ضرب لگی ہے، پارلیمنٹ میں خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر اجاگر کردیاہے ، لیاقت خان کے مکے کی طرح پاکستانی پارلیمنٹ سے بھارت کو پیغام دیا جائیگا ،دنیا کو کشمیر میں کلسٹر بمباری پر خاموش نہیں رہناچاہئے۔میڈیا ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں خطاب سے قبل ایک انٹرویو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں پانچ بڑے فیصلے کیے ہیں، جن میں سے ایک پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر کے اختیارات اور سفارتی سرگرمیاں محدود کردی جائیں گی اور اب ہمارے سفیر اب نئی دہلی میں نہیں ہوں گے،ان کے سفیر کو بھی جانا ہو گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کشمیر کے مسئلے پر ڈرایا جائے اور مسئلہ کشمیر دنیا کی نگاہوں سے اوجھل ہو جائے، بھارت نے 5 اگست کو جو حرکت کی اس سے خود عالمی ممالک کو سب کچھ پتا چل گیا، بھارت نے اپنے اقدام سے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کردیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی 5 اگست کی حرکت بڑی حماقت تھی، تاریخ بتائے گی اس فعل سے بھارت کے وفاق پر کاری ضرب لگی ہے، وقت بتائے گا یہ بھارتی اقدام کا نقصان خود اسے ہی ہوگا، راجیہ سبھا میں بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے قراردادیں دھوکے سے پیش کیں لیکن بھارتی اپوزیشن نے امیت شاہ کی بات سننے سے انکار کردیا، سب لوگ سمجھتے ہیں مودی سرکار نے مسئلہ کشمیر کو پہلے سے زیادہ پیچیدہ کردیا ہے، پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کی تمام قیادت نے بھی اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ مودی سرکار کے ایک فیصلے نے تمام کشمیریوں کو یکجا کر دیا، مودی آج کرفیو اٹھائے اور کشمیریوں سے پوچھے کہ 5 اگست کے اقدام پر آپ پر آپ کی کیا رائے ہے تو اسے پتا چل جائے گا، جو غیرقانونی فعل بھارت نے کیا اس پر بھارت میں بھی تنقید کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں