عامر لیاقت نے میری جس فلم پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دی تھی اس ہی میں کام کرنے کیلئے فون کیا تھا ٗ فہد مصطفی کا انکشاف

عامر لیاقت فلم ’’لوڈ ویڈنگ ‘‘میں اداکاری کرنا چاہتے تھے
کراچی (کلچرل ڈیسک) پاکستانی اداکار و میزبان فہد مصطفی نے دعویٰ کیاہے کہ عامر لیاقت نے میری جس فلم پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دی تھی دراصل اسی فلم میں کام کرنے کے لیے مجھے فون کیا تھا۔ اداکار فہد مصطفی نے عامر لیاقت کی جانب سے ان کی فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ پر مقدمہ کرنے کے حوالے سے کہاکہ عامر لیاقت تو اس فلم میں اداکاری کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے مجھے فون بھی کیا تھا اور کہا تھا فہد تم مجھے بول دیتے یہ کردار میں کرلیتا اور ہم دونوں اس فلم میں کام کرتے بڑا مزا آتا، لیکن کسی کو فلم میں کام دلوانا میرا نہیں بلکہ فلم کے ہدایتکار کا کام ہے۔ یاد رہے کہ فلم لوڈ ویڈنگ کے ایک سین میں عامر لیاقت کے ڈپلیکیٹ کو دکھایا گیا تھا جو فلم میں گیم شو کی میزبانی کرتا نظر آرہا تھا۔ عامر لیاقت نے اس سین پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم میں نہ صرف میرے کردار کو غلط انداز میں پیش کیا گیا بلکہ مجھے بدنام بھی کیا گیا۔ فہد مصطفی نے محسن عباس حیدر کے ان کی بیوی پر تشدد کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ محسن عباس کا ذاتی معاملہ تھا اور اسے سوشل میڈیا پر نہیں آنا چاہیے تھا۔ فہد مصطفی نے میشا شفیع اور علی ظفر معاملے پر بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں دونوں سے جب بھی ملا ہوں مجھے دونوں ٹھیک ہی لگے ہیں تاہم اس معاملے میں جلد بازی سے کام لیا گیا جس کا دونوں کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں