سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سری لنکا اور پاکستان کے میچوں کا شیڈول بھی کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق تین ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔
سری لنکا کی ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی۔
تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔
ٹیسٹ سیریز کہاں ہو گی؟
اس کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے ٹیسٹ سیریز دسمبر میں کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔
اگرچہ دونوں کرکٹ بورڈز نے اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ آیا یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہو گی یا متحدہ عرب امارات۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں پُرامید ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کامیاب انعقاد سے ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہونے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ وہ سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے کم ازکم ایک میچ پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرسکیں۔
سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو نے گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلے گی۔
Wow 😍 Great news for fans of cricket whole Nation Finally Full array is ON in Pakistan 🇵🇰 , Well finished @TheRealPCB Management Big Thank to @OfficialSLC 🙏🏽 , We prepared to Host U ✊😍 , #CricketBackHome🇵🇰
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) August 23, 2019
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے جمعے کو سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سے فون پر بات کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے جس کے بعد ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ یہ سیریز آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔
احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ان کوششوں کو سراہا ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کررہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان آ کر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی جو ٹیسٹ سیریز کے لیے مدد گار ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ سری لنکا وہ آخری ٹیم ہے جس نے سنہ 2009 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔ اسی دورے کے دوران لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے موقعے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی تھی جس میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور چند سری لنکن کرکٹرز بھی زخمی ہوئے تھے۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششیں جاری رکھی ہیں اور ان کوششوں کے نتیجے میں پہلے سنہ 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی۔ اس کے بعد گذشتہ سال انٹرنیشنل الیون، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا نے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی انہی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان سپر لیگ کے متعدد میچز پاکستان میں منعقد ہو چکے ہیں اور اب بورڈ نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں منعقد کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔