Home / کھیل / پاکستان، سری لنکا کرکٹ سیریز: سکیورٹی خدشات کے باعث دس سری لنکن کھلاڑیوں کا پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار

پاکستان، سری لنکا کرکٹ سیریز: سکیورٹی خدشات کے باعث دس سری لنکن کھلاڑیوں کا پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار

سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دس کھلاڑیوں نے رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان میں شروع ہونے والے تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

انکار کرنے والے کھلاڑیوں میں سری لنکن ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ مالنگا کے علاوہ انجیلو میتھیوز، نیروشان ڈیکویلا، کوسل پریرا، دھننجیا ڈی سلوا، تھیارا پریرا، اکیلا دھننجیا، سورنگا لکمل اور دنیش چندیمل شامل ہیں۔

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ ماہ پاکستان میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ سری لنکن کرکٹ کا دورہ پاکستان 27 ستمبر سے نو اکتوبر تک ہو گا۔

سری لنکن کھلاڑیوں نے یہ فیصلہ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے حوالے سے دی گئی ایک سکیورٹی بریفنگ کے بعد کیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘اس بریفنگ کا مقصد کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے دوران کیے گئے سکیورٹی انتظامات سے باخبر کرنا تھا۔ (اس کا مقصد) ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے سکواڈ فائنل کرنے سے قبل کھلاڑیوں کی شرکت کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں جاننا بھی تھا۔’

سری لنکا ٹیم

سات ستمبر کو سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے بی بی سی سنہالا کو تصدیق کی تھی کہ چند کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان جا کر کھیلنے سے انکار کیا ہے

سری لنکا اور پاکستان کے میچوں کا شیڈول بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ شیڈول کے مطابق تین ایک روزہ میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے جانے ہیں۔

جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچ، سات اور نو اکتوبر کو ہونا ہیں۔

اگست میں پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے یہ سیریز کھلینے سے متعلق معاہدہ کیا تھا۔ابتدائی پلان کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچ بھی ہونا تھے تاہم ان کو منسوخ کر کے صرف ایک روزہ اور ٹی ٹوئینٹی سیریز کھیلنے پر اتفاق ہوا تھا۔

پاکستان نے سنہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہوئے شدت پسندوں کے حملے کے بعد سے اب تک کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی ہے۔

شدت پسندوں کے حملے میں دو سویلین جبکہ چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ چھ کھلاڑی زخمی بھی ہوئے تھے۔

سری لنکا ٹیم

پاکستان نے سنہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہوئے شدت پسندوں کے حملے کے بعد سے اب تک کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی ہے

اس سے قبل سات ستمبر کو سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے بی بی سی سنہالا کو تصدیق کی تھی کہ چند کھلاڑیوں نے ان کے اہل خانہ کی طرف سے اٹھائے گئے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کھیلنے سے انکار کیا ہے۔

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ حکام کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے تاکہ انھیں پاکستان کے دورے پر راضی کر سکیں۔

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ‘میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ میں ان کے ساتھ پاکستان جانے کو تیار ہوں۔’

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے حکام نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے پیر (نو ستمبر) کو کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے طلب کیا ہے۔ تاہم پیر کو ہوئی ملاقات میں حکام کھلاڑیوں کو رضامند نہ کر سکے۔

About asim

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے