ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا ‘عمران خان

ترقیاتی فنڈزکی امتیازی تقسیم ختم ہو گی ، مقامی نمائندے با اختیار، بنیادی مسائل حل ہونگے ، اجلاس سے خطاب
طبی آلات اورمشینری پر ڈیوٹی کی چھوٹ پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ، وزیر اعظم کی عبدالرزاق داؤد کو ہدایت
اسلام ا?باد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا،مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی جبکہ ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے بنیادی مسائل حل ہونگے بلکہ ان فنڈز کی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی بھی موثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی۔ وزیر اعظم آفس میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندوں کو بااختیار بنایا گیا ہے تاکہ انہیں مقامی سطح کے مسائل حل کرنے اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ،تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے جہاں عوام کو اہل اورقابل نمائندے منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے وہاں سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی،منتخب نمائندے بلارکاوٹ اپنی توانائیاں تعمیروترقی اور مسائل حل کرنے میں صرف کرسکیں گے۔اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، رکن قومی اسمبلی اسد عمر، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، وزیر لوکل گورنمنٹ خیبر پختو نخوا شہرام خان تراکئی اور سینئر افسر شریک ہوئے ،اجلاس میں وزیراعظم کو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک کی پیش رفت پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا ،جس میں وزیر توانائی عمرایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونزکے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے ،وزیر اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونیوالے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کاروباری برادری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار میں سہولت ہوگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ، وزیر اعظم کواقتصادی زونزکے حوالے سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کے منصوبے پر کام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ قائد اعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ مارچ 2020تک مکمل کر لئے جائیں گے ،رشکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل ہو جائے گا،اجلاس میں چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبارکے فروغ کیلئے کاٹیج بزنس اینڈریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں