ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مقبوضہ کشمیر :کرفیو کا 65 واں روز، نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کا آج 65 واں روز ہے، بھارت کی جانب سے غیر انسانی پابندیاں اور مظالم جاری ہیں، قابض بھارتی فورسز نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج ضلع پلواما کے علاقے اونتی پورہ میں قابض بھارتی فورسز نے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کی آڑ میں فائرنگ کر کے کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ دوسری جانب قابض بھارتی فورسز نے گاندر بل، باندی پورہ، کپواڑہ اور سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں 12 روز سے سرچ آپریشن جاری کر رکھا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 65 روز ہو گئے ہیں، آج بھی کاروبار زندگی معطل اور مواصلاتی نظام منقطع ہے، جگہ جگہ بھارتی فوج کا پہرہ ہے۔ ادھر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 2 اگست کو جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزی جمعرات سے اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

5 اگست سے مقبوضہ وادی میں مواصلاتی رابطے منقطع ہیں اور عوامی نقل و حرکت پر پابندی برقرار ہے۔

سڑکوں پر رکاوٹیں اور خاردار تار موجود ہیں جبکہ گلیوں اور سڑکوں پر بھارتی فوج کا پہرہ بھی مسلسل جاری ہے۔ بھارت نے2 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں ممکنہ دہشت گرد حملے کو وجہ بناتے ہوئے ٹریول ایڈوائزی جاری کی تھی جس کے سلسلے میں سیاحوں اور یاتریوں کو مقبوضہ وادی سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی حکام نےاعلان کیا ہے کہ جمعرات سے مقبوضہ کشمیر میں 2 ماہ سے زائد عرصے سے عائد ٹریول ایڈوائزی کی پابندیاں اٹھالی جائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 1989ء کےبعد سے اب تک 40 ہزارسے زائد کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے باعث کشمیریوں میں بھارت سے بیزاری اور مزاحمت مزید بڑھی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں