ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا نے پاکستان کو 35 رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 35 رنز سے ہرا دیا ہے۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 182 رنز لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ سکور عماد وسیم نے بنائے جو بدقسمتی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام رہی اور عماد کے علاوہ کوئی بھی بڑا سکور نہ کر سکا۔

صرف کپتان سرفراز احمد، آصف علی اور احمد شہزاد ہی تھے جو ڈبل فگرز میں آ سکے جبکہ باقی پوری ٹیم میں کوئی بھی سات سے زیادہ رنز بنا سکا۔

اوپننگ جوڑی بھی بری طرح ناکام رہی اور فخر زمان اور نہ ہی بابر زمان پاکستان کو کوئی بڑا سٹارٹ دے سکے۔

جب احمد شہزاد نے میچ کے آٹھویں اوور میں چھکا لگا کر پاکستان کے 50 رنز مکمل کیے تو لگتا تھا کہ وہ سیٹ ہو چکے ہیں لیکن اگلی ہی گیند پر وہ بولڈ ہو گئے۔ عمر اکمل بھی آتے ہی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز بھی ایک گیند کے بعد بولڈ ہوئے۔ پاکستان کے ان تینوں بیٹسمینوں کو ڈی سلوا نے آؤٹ کیا۔ وہ اپنی ہیٹ ٹرک تو مکمل نہ کر سکے لیکن انھوں نے پاکستان کو ایک بڑا نقصان ضرور پہنچا دیا۔

پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اوپننگ کی لیکن میچ کے تیسرے اوور میں جب سکور نو پر تھا تو فخر زمان ایک عجیب شاٹ کھیلتے ہوئے راجیتھا کے گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے چھ رنز بنائے۔ اس کے فوراً بعد ہی جب سکور 11 پر پہنچا تو بابر اعظم بھی پردیپ کی گیند پر تین رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

سرفراز احمد

سرفراز احمد بھی سری لنکن سپنر کے ہاتھوں بولڈ ہوئے

اس سے پہلے سری لنکا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اووروں میں 182 رنز بنائے تھے اور اس طرح پاکستان کو جیتنے کے لیے 183 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

سری لنکا کی طرف سے دانشکا گوناتیلاکا اور آویشکا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن میچ کے تیسرے ہی اوور میں دانشکا عماد وسیم کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ میچ کے چوتھے اوور میں سری لنکا کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب آویشکا بھی ایک غیر ضروری رن بناتے ہوئے رن آوٹ ہوئے۔ انھیں شاداب خان نے اپنی ایک عمدہ تھرو پر آؤٹ کیا۔

دانشکا گوناتیلاکا

دانشکا گوناتیلاکا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری بنائی تھی

جب سری لنکا کا سکور 135 پر پہنچا تو اس کے تیسرے کھلاڑی جے سوریہ بھی آصف علی کی ایک سیدھی تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ ان کی جگہ داسن شاناکا کھیلنے کے لیے آئے۔ پاکستان کی طرف سے عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاداب نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ باقی تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ محمد عامر اور حسنین کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔

سری لنکا کے چھوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی راجہ پاکسا تھے جو ایک عمدہ اننگز کھیل کر 77 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ اس کے کچھ دیر بعد ہی بھانوکا بھی رن آؤٹ ہو گئے۔ یہ سری لنکا کی پانچویں وکٹ تھی۔

آویشکا

سری لنکا کی طرف سے آویشکا نے بھی ایک اچھی اننگز کھیلی

وہاب ریاض نے اپنے آخری اوور میں اسورو ادانا کو ایک تیز گیند پر مڈل سٹمپ بولڈ کر دیا۔ اُس وقت سری لنکا کا سکور 155 تھا۔

سری لنکا نے میچ کے پہلے چھے اووروں میں اپنے پچاس رنز جبکہ بارہویں اوور کی پہلی گیند پر 100 رنز مکمل کر لیے۔

گذشتہ سنیچر کو سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کی نسبتاً غیر تجربہ کار ٹیم نے پاکستان کو 64 رنز سے ہرا دیا تھا۔

سری لنکا نے اس میچ میں ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پاکستان نے دو تبدیلیاں کی ہیں اور فخر زمان اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

طلعت علی کے مطابق پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف جیت کے لیے پرعزم ہے

میچ کے چوتھے اوور میں وہاب ریاض نے رن آؤٹ کرنے کا ایک عمدہ موقع ضائع کر دیا جب انھوں نے احمد شہزاد کو گیند دینے کی بجائے وکٹوں پر گیند مارنے کو ترجیح دی لیکن ان کا نشانہ نہ لگا۔

پہلے میچ میں ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ میں سرفہرست ٹیم پاکستان اس رینکنگ کی آٹھوں نمبر کی ٹیم سری لنکا سے ہار گئی تھی جس پر پاکستان میں بہت تنقید کی گئی۔ پاکستان کے نئے مینیجر مصباح الحق کے دو سینیئر کھلاڑیوں احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے کا پاکستان کو انتہائی مہنگا پڑا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی پر ٹیم میں دوبارہ جگہ دی گئی تھی لیکن دونوں نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ شائقین کو مایوس کیا۔

سری لنکا کی ٹیم: دانشکا گوناتیلاکا، آویشکا فرنیندو، بھانوکا راجہ پاکسا، داسن شاناکا (کپتان)، شیہان جے سوریہ، اسورو ادانا، وانندو ہاسارانگا، منود بھانوکا (وکٹ کیپر)، لکشن سنداکن، کاسن راجیتھا، نوان پردیپ۔

پاکستان کی ٹیم: فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، عمر اکمل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر کپتان)، آصف علی، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر ، محمد حسنین۔

قذافی سٹیڈیم کے باہر سخت سکیورٹی

قذافی سٹیڈیم کے باہر سخت سکیورٹی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں