ہم ایوارڈز2019 کے دوران وائرل ہونے والی ویڈیوز

ہیوسٹن: 7 ویں ہم ایوارڈز کا میلہ امریکی شہرہیوسٹن میں سجا جہاں پاکستانی فنکاروں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے۔

ہم ایوارڈز کی تقریب رواں سال منعقد ہونے والی شاندار تقریبات میں سے ایک تھی جو ایک عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔ تقریب کے دوران پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارائیں معروف ڈیزائنرز کے جھلمل کرتے لباس زیب تن کرکے سب کی توجہ کا مرکز رہیں۔ تاہم اداکار بھی کسی سے کم نظر نہیں آئے۔ عاصم اظہر، یاسر حسین اور فرحان سعید نے اپنے پہناووں سے میلہ لوٹ لیا۔

7 ویں ہم ایوارڈزکی تقریب جہاں گزشتہ 3 روز سے سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے وہیں ایوارڈز کے دوران پُر لطف، مزاحیہ اور جذبات سے بھرپور کئی مناظرکی مختلف ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

ہم ایوارڈز کے دوران اداکار عمران اشرف کی اسٹیج پرفارمنس جس میں وہ اپنے مخصوص ’’بھولے‘‘ کے کردار میں نظرآرہے ہیں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی اورلوگوں نے نہ صرف عمران اشرف کی پرفارمنس کو سراہا بلکہ بڑی تعداد میں اس ویڈیو کو شیئر بھی کیا۔

عمران اشرف کی ہی ایک اور ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہوئی جس میں وہ ریڈ کارپٹ پرچلتے ہوئے اپنے مداحوں کے پاس گئے اور ان کے ساتھ سیلفی کھینچوائی اور تصاویر کھنچوانے کے بعد جیسے ہی وہ واپس جانے لگے وہاں موجود ایک خاتون نے انہیں کالر سے پکڑ کر گھسیٹ لیا۔ خاتون کی اس حرکت پر عمران اشرف کافی شرمندہ نظرآئے۔

نامورپاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا جو انہیں جیوری کی جانب سے دیا گیا تھا۔ اس موقع پر یمنیٰ زیدی نہایت جذباتی ہوگئیں اور اپنے والد صاحب کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد صاحب کا تین ماہ پہلے ہی انتقال ہوا ہے اور میرا یہ واحد سیریل تھا جو انہوں نے دیکھا تھا۔

اداکارہ مہوش حیات اوراحسن خان کی بھی ایوارڈ شو کی تقریب سے قبل ڈانس ریہرسل کی ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے۔ دونوں نے تقریباً 5 سال بعد ایک ساتھ پرفارم کیا۔ ڈانس ریہرسل کے دوران مہوش حیات نے بہترین رقص کرکے ثابت کردیا کہ صرف اداکاری میں نہیں بلکہ رقص میں بھی ان سے بہتر کوئی اور اداکارہ نہیں۔

ایوارڈ شو کے دوران جو ویڈیو سب سے زیادہ وائرل ہوئی وہ عدنان صدیقی کی بانسری پر ملی نغمے کی دھن بجانے کی ویڈیو تھی۔ عدنان صدیقی نے بانسری پر ’’یہ وطن تمہارا ہے‘‘ کی دھن بجاکر سماں باندھ دیا بلاشبہ یہ پرفارمنس اس رات کی بہترین پرفارمنس تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں