ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ترک فوج کی شام میں کارروائی‘15 شہری ہلاک

ترک صدر نے شمال مشرقی علاقے میں کرد جنگجوئوں کیخلاف فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کردیا
شام میں کردوں کی خود مختار انتظامیہ نے اپنے تمام اداروں کو ترک فورسز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہدایت جاری کردی
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) شام کے شمال مشرقی علاقے میں ترک فوج کی فضائی کارروائی میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق شمال مشرقی شام میں ترکی نے فضائی حملے اور زمینی کارروائی شروع کردی، اطلاعات کے مطابق ترک طیاروں کی بمباری سے 8 شہریوں سمیت 15 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ترک صدر طیب ایردوان نے شام کے شمال مشرقی علاقے میں کرد جنگجوئوں کے خلاف فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ترکی کی مسلح افواج اور شامی قومی فوج جیش الحر نے شام کے شمال میں آپریشن امن بہار کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس فوجی کارروائی میں شمالی شام میں کرد جنگجوئوں اور داعش کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہمارے مشن کا مقصد ہماری جنوبی سرحد پر دہشت گردی کی راہداری کو قائم ہونے سے روکنا اور علاقے میں امن کا قیام ہے۔ شام کے سرکاری میڈیا اور ایک کرد عہدیدار نے الگ سے یہ اطلاع دی ہے کہ فضائی بمباری میں ترکی کی سرحد کے ساتھ قصبے راس العین کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دریں اثناء شام میں کردوں کی خودمختار انتظامیہ نے ملک کے شمالی اور مشرقی حصے میں تین روز کے لیے نفیر عام کا اعلان کردیا۔ انتظامیہ نے اپنے تمام اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ ترک فورسز کا مقابلہ کرنے کے لیے متوازی سرحدی علاقے کا رُخ کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں