ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دوسرا ٹیسٹ: روہت کی ڈبل سنچری، جنوبی افریقہ کے خلاف بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری

بھارتی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز اسٹار بلےباز روہت شرما کی ڈبل سنچری کی بدولت 9 وکٹوں پر 497 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی جبکہ مہمان ٹیم محض 9 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہوگئی۔

بھارت کے شہر رانچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز روہت شرما نے 117 اور راہانے نے 83 رنز سے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو بھارت کا اسکور 3 وکٹوں پر 224 رنز تھا۔

روہت اور راہانے کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئی اس دوران راہانے کی اپنی سنچری مکمل کی اور 115 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

روہت شرما نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی جس میں 28 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے تاہم وہ 255 گیندوں پر 212 رنز بنا کر رابادا کا شکار ہوئے تو بھارت کی 5 وکٹیں 370 رنز پر گر چکی تھیں۔

بھارت کی جانب سے رویندر جدیجا نے دوسرے روز نصف سنچری بنائی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن یادیو نے 31 اور ساہا نے 24 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا جبکہ ایشون، شہباز ندیم اور محمد شامی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

ویرات کوہلی نے 497 کے مجموعے پر اننگز کو ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا، اس وقت شہباز ندیم ایک اور محمد شامی 10 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

جنوبی افریقہ کے باؤلرز نے مضبوط بھارتی بیٹنگ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی جس میں ٹیسٹ کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے جارج لیندے نمایاں تھے جنہوں نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، رابادا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد شامی نے جنوبی افریقہ کو شروع میں ہی تجربہ کار ڈین ایلگر کو صفر پر آؤٹ کرکے مشکلات کا شکار کردیا جس کو یادیو نے مزید گھمبیر بناتے ہوئے کوئنٹن ڈی کوک کو بھی آوٹ کیا جو صرف 4 رنز بنا سکے۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں پر 9 رنز بنالیے تھے اور پہلی اننگز میں بھارت کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 488 رنز درکار ہیں۔

کپتان فاف ڈیوپلیسی 4 اور زبیر حمزہ صفر پر کھیل رہے تھے۔

خیال رہے کہ بھارت نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو باآسانی شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں