میلاد کے جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی کا حکم کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ سندھ

شہر میں علماء کی مشاورت سے میگا ایونٹ کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، کے الیکٹرک کو بھی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی گئی
وزیر بلدیات کو سڑکوں کی جلد تعمیر اور سیوریج کے مسائل حل کرنے کے لئے بھی کہہ دیا گیا، مراد علی شاہ کا مختلف مکاتب فکر کے علماء کے اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات اور محکمہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید میلادالنبیؐ کے پروگراموں بالخصوص جلوسوں کے حوالے سے تمام تر ضروری انتظامات بشمول سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کی فراہمی و نکاسی اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہائوس میں مختلف مکتبہ فکر کے علما کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے کہاکہ علما کی مشاورت سے میگا ایونٹ کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ علما نے کہاکہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث پروگراموں کے انعقاد میں سنگین مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک اتھارٹیز کو چیف سیکرٹری کے ذریعے ہدایت کی کہ وہ عید میلادالنبیؐ 12 ربیع الاول تک لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سڑکوں کی خراب حالت، گٹروں کے اوورفلو اور پانی کی فراہمی سے متعلق ایشوز پر وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے میئر کراچی وسیم اختر کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال، مرمت کو یقینی بنائیں میئر نے کہاکہ وہ مختلف سڑکوں کی مرمت کا کام کرا رہے ہیں، مسائل حل کر رہے ہیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ نے اجلاس کو بتایا کہ کلب روڈ پر دھنس جانے والی گٹر لائن کی مرمت کر دی ہے علاقہ صاف ہے اور گٹروں میں روانی کے ساتھ نکاسی کا پانی بہہ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں کے روٹس سے کچرا اور گاربیج اٹھالیں۔ اجلاس میں حاجی حنیف طیب، علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا اکبر درس، اویس نورانی، ثروت اعجاز قادری، یحییٰ راٹھور، ڈاکٹر کوکب نورانی، بلال سلیم قادری سمیت دیگر شامل تھے۔ چیف سیکرٹری کے دفتر میں قائم شکایتی سیل کے نمبر 021-35850130 اور 35856130 پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں