سندھ میں سندھ کا یوم ثقافت جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا ہر طرف سندھی ٹوپی اور اجرک کی بہار

کراچی میں مرکزی تقریب پریس کلب کے سامنے منعقد کی گئی، مرد، خواتین بچے اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
نوجوانوں نے سندھی نغموں پر رقص کیا، بچوں نے ٹیبلو پیش کئے، یوم ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کیا کہ سندھ محبت اور امن کی دھرتی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت صوبہ بھر میں سندھ کا یوم ثقافت روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا اور پورا سندھ رنگوں میں سج گیا، ہر طرف ٹوپی اور اجرک کی بہار نظر آئی اور کراچی سمیت صوبے بھر میں شہر شہر قریہ قریہ جشن کا سماں رہا، کراچی میں سیاسی، مذہبی، قوم پرست اور مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے ثقافتی دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ کراچی میں مرکزی تقریب پریس کلب کے سامنے ہوئی، فوارہ چوک گورنرہائوس سے کراچی پریس کلب تک شہریوں کی بڑی تعداد نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے مرد، خواتین، بچے و بزرگ ثقافتی رقص کرتے رہے۔ سندھ کی قدیم و عظیم ثقافت کے دن پر کراچی کے مختلف مقامات پر ہونے والی تقریبات میں بچوں، بڑوں اور نوجوانوں نے سندھی نغموں پر رقص کیا، بچوں نے ٹیبلو پیش کیے اور سندھ کے ثقافتی رنگ اجاگر کیے۔ نوجوان، بچے اور بڑے تقریبات میں شرکت کے لیے سندھی اجرک، ٹوپی اور لباس میں ملبوس ہوکر گھروں سے نکلے، ٹولیوں کی شکل میں نوجوان اجرک اور ٹوپی پہنے گشت کرتے رہے۔ سیاسی، سماجی، ثقافتی اور قوم پرست رہنمائوں کا کہنا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرکے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی دھرتی ہے سندھی ثقافی دن کے موقع پر دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نوابشاہ، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، دادو، ٹھٹھہ، گھوٹکی اور تھرپارکر سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کے پریس کلب اور آرٹس کونسل سمیت دیگر ثقافتی اداروں اور محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں