بلا تفریق انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد قابل تعریف ہیں

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کمشنر بے نظیر آباد ڈویژن سید محسن علی شاہ کی زیر صدارت سماجی خدمات کے حوالے سے کام کا جائزہ لینے کے لیے ضلع سانگھڑ کی سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور محکمہ سماجی بہبود کے افسران کا ایک اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر پرویز احمد بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سبھاش چندر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بے نظیر آباد محمد صابر قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سانگھڑ واجد علی میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام عباس گوراہو، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو دلشاد احمد عمرانی، ضلع سانگھڑ کے سوشل ویلفیئر افسران، بین الاقوامی، قومی اور مقامی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محسن علی شاہ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے، بغیر کسی رنگ ونسل اور مذہبی تعلق کے انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے حکومتی ادارے اور سماجی تنظیموں کا ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رابطہ قائم کیا جائے تاکہ علاقے اور عوام کی زندگی میں بہتری لانے میں مدد مل سکے۔ کمشنر نے محکمہ سوشل ویلفیئر اور ریونیو کے افسران کو ہدایات دیں کہ تحصیل سطح پر سماجی تنظیموں کے جاری کام کا جائزہ لے کر رپورٹ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر آفس کو ارسال کی جائے تاکہ بہتر کام کرنے والی سماجی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سانگھڑ واجد علی میمن نے بتایا کہ محکمے کی جانب سے ضلع کی سات تحصیلوں میں وومن ویلفیئر سینٹرز کام کررہے ہیں جبکہ شہدادپور میں ارلی چائلڈ ایجوکیشن سینٹر بھی کام کررہا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے ساتھ بہتر رابطے قائم کرکے ان کو رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں تعلیم، صحت، غربت کے خاتمے، صفائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، پاپولیشن ویلفیئر، معذور افراد و خواتین کے حقوق کے علاوہ فنی تربیت کے پروجیکٹس پر 82 مقامی، 9 قومی اور 3 بین الاقوامی سماجی تنظیمیں کام کررہی ہیں۔ اجلاس میں ہینڈز سانگھڑ کے منصور میمن، شفا فاؤنڈیشن کی شائستہ عروج، سرسو کے ارشاد علی ملاح، سافکو کے ذیشان میمن، ایس آر ایس پی او کے فاروق احمد، آر ڈی ایف کے نیاز سیال، ملٹی سر کے مبشر سومرو ودیگر نے اپنی تنظیموں اور جاری پروجیکٹس کے کام کے متعلق آگاہی دی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں