فارم ایچ پر کرنیوالے برآمد کنندگان کی فہرست طلب ریفنڈز کا مسئلہ 3 دن میں حل کیا جائے گا، گورنر سندھ

عمران اسماعیل سے ٹیکسٹائل صنعت سے منسلک محمود مولوی، زبیر موتی والا، احمد چنائے، جاوید بلوانی، یٰسین صادق، شیخ شفیق، رفیق گوڈیل سمیت 14 رکنی وفد کی ملاقات
برآمدات کے ریفنڈز ، بجلی، گیس اور پانی سمیت درپیش مسائل، انڈسٹری کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات و دیگر امور زیر بحث آئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیکسٹائل صنعت سے منسلک مختلف ایسوسی ایشنز کے 14 رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں محمود مولوی اور معروف صنعتکار زبیر موتی والا، احمد چنائے، جاوید بلوانی، یاسین صادق، شیخ شفیق اور رفیق گوڈیل سمیت دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں برآمدات کے ریفنڈز، بجلی، گیس اور پانی سمیت درپیش مسائل، انڈسٹری کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے فارم H بھرنے والے برآمد کنندگان کی فہرست طلب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ جن برآمد کنندگان نے فارم ایچ جمع کرائے ہیں ان کے ریفنڈز کا مسئلہ تین دن میں حل کیا جائے گا، ٹیکسٹائل مصنوعات زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، ایکسپورٹ کے ریفنڈز کے لیے چیئرمین ایف بی آر سے بات کریں گے۔ ملاقات میں وفد نے بتایا کہ ایکسپورٹ کے ریفنڈز بروقت ملنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ گیس، بجلی، پانی کی قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت بھی بڑھ رہی ہے اور صوبہ کی صنعتیں گیس کے نرخوں میں اضافہ کی متحمل نہیں ہو سکتیں۔ وفد نے کہاکہ کراچی میں بجلی کے نرخ پورے ملک کی بہ نسبت زیادہ ہیں۔ وفد نے مزید کہاکہ صوبہ کو آئین پاکستان کے مطابق گیس دی جائے تاکہ صنعتوں کو گیس کی کمی کا مسئلہ نہ ہو۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں