پاکستان قونصلیٹ جدہ کی سوشل میڈیا میں جاری مہم کی تردید

جدہ ( سید مسرت خلیل۔ نمائندہ جسارت) پاکستان قونصلیٹ جدہ سوشل میڈیا پر جاری اس مہم کی سختی سے تردید کرتا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ سعودی حکام، مکہ مکرمہ گورنریٹ کے علاقے سے پاکستانیوں کو قید اور جلاوطن کر رہے ہیں۔ یہ بات خالد مجید قونصل جنرل پاکستان نے قونصلیٹ میں میڈیا بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے رابطے کے بعد متعلقہ سعودی حکام نے بتایا کہ کارروائی بلا تفریق اور تمام قومیتوں کے غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ہورہی ہے، یہ مشق سال بھر جاری رہتی ہے،حالیہ کارروائی بغیر اقامہ، زاید المیعاد اقامہ ، غیر قانونی کارکنان، اور ایسے افراد جو اقامہ پر لکھے گئے پیشے کی جگہ دیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کیخلاف کی جارہی ہے۔ گزشتہ 3 روز سے 400 کے قریب پاکستانیوں کو شمیسی ڈیپورٹیشن مرکز لایا گیا ہے۔یہ کہنا کہ یہ مہم صرف پاکستانیوں کے لیے مخصوص ہے، بالکل غلط ہے۔ سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبروں نے پاکستانی کمیونٹی میں اضطراب اور بے یقینی پیدا کردی ہے۔ سوشل میڈیا کے کچھ حصے اسے گمراہ کن سیاسی زاویہ دے رہے ہیں۔ یہ پاکستان اورسعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کے مفاد میں ہے کہ اس طرح کے بے بنیاد اور غیر ذمے دارانہ بیانات سے گریز کیا جائے۔ہماری سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے درخواست ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور اس من گھڑت سوشل میڈیا مہم پر توجہ نہ دیں۔پاکستان قونصلیٹ سعودی حکام سے مستقل رابطے میں ہے اور پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کے لیے مقامی قواعد و ضوابط کے تحت ہر ممکن اقدامات اٹھایا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں