ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

طبی سازوسامان پر مختلف ممالک میں لڑائی

 

ٹورنٹو/ واشنگٹن/ میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے طبی سامان کی درآمد پر پابندی لگانے پر ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ وہ جواب کے لیے تیار رہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی صدرٹرمپ نے کورونا کی وبا کے پیش نظر کینیڈا کو ماسک کی درآمد پر پابندی لگادی ہے اور کہا ہے کہ یہ ماسک امریکا استعمال کرے گا۔ جس کے جواب میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران کینیڈا میں طبی سامان کی برآمد کو محدود کرنا ایک غلطی ہوگی۔ جسٹن ٹروڈو نے ٹرمپ کو خبردار کیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو طبی سامان فراہم کرتے ہیں، اگر ٹرمپ نے کمپنی کو ماسک بھیجنے سے روکے رکھا تو جواب کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی ایسی اشیا ہیں، جو کینیڈا سے امریکا جاتی ہے اور امریکی ان پر انحصار کرتے ہیں، امریکا نے ماسک کی درآمد سے پابندی ختم نہیں کی تو ہم بھی سخت جواب دیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کینیڈا کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے درکار سامان حاصل کرلے گا، اس معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کا ارادہ ہے۔ خیال رہے امریکا میں کورونا وائرس کی بڑھتی شدت کے باعث ماسک کی مانگ بڑھتی جارہی ہے اور امریکا میں موجود کمپنی کی جانب سے ریسپائریٹری ماسک کینیڈا بھیجے جاتے ہیں۔ دوسری جانب اسپین کا کہنا ہے کہ ترکی کے حکام نے وینٹی لیٹرز سے بھرا ایک طیارہ قبضے میں لے لیا ہے۔ یہ طیارہ چین سے اسپین جا رہا تھا۔ ہسپانوی وزیر خارجہ جونزالیس لایا نے کہا ہے کہ تُرک حکومت نے انقرہ میں طبی ساز و سامان کی ایک کھیپ کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے۔ چین سے خریدا گیا یہ ساز و سامان اسپین لایا جا رہا تھا۔ ہسپانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق قبضے میں لی گئی کھیپ بہت قیمتی ہے۔ اس لیے کہ کھیپ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے 162 وینٹی لیٹر مشینیں ہیں، جو انتہائی نگہداشت کے طبی یونٹوں کے لیے مخصوص ہوتی ہیں۔ ادھر جرمنی نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا نے برلن جانے والے لاکھوں ماسک اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ برلن کے ریاستی وزیر داخلہ کے مطابق ان ماسکوں کی قیمت ادا کی جا چکی تھی، تاہم حفاظتی ماسک امریکا نے بینکاک میں اپنے قبضے میں لے لیے۔ جرمن وزیر نے اسے ’’جدید دور کی قذاقی‘‘ قرار دیا ہے۔ تاہم امریکی کمپنیوں کے گروپ تھری ایم نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں