ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سول ایوی ایشن کالونی کو قرنطینہ کرنے کے احکامات جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رہائشی کالونی میں 2 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پوری کالونی کو قرنطینہ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں اور رہائشیوں کو 14 دن تک اپنے گھروں تک ہی محدود رہنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رہائشی کالونی میں کورونا وائرس کا پہلا مریض وفاقی وزارت صحت کا ملازم ہے جس کی ڈیوٹی کراچی ائرپورٹ پر ہے جبکہ دوسرا شخص ائرپورٹ سیکورٹی فورس کا ملازم ہے جس میں گزشتہ رات ہی
کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ائرپورٹ سیکورٹی فورس کے ملازم کو دل کی تکلیف کی بناء پر اوجھا میں ڈاؤ میڈیکل اسپتام لے جایا گیا جہاں پر اس میں دل کی بیماری کے ساتھ ساتھ کورونا کی بھی تشخیص ہوئی۔ کورونا کی تشخیص کے بعد انہیں انڈس اسپتال لے جایا گیا جہاں پر انڈس اسپتال کی انتظامیہ نے رات 2 بجے مریض کو جبری طور پر ڈسچارج کردیا۔ جبری ڈسچارج ہونے کے بعد مریض کے اہل خانہ نے کمشنر کراچی کے خصوصی سیل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر وہاں سے بھی کوئی حوصلہ افزا جواب نہ ملنے کے بعد مجبوراً مریض کو اس کے اہل خانہ ایوی ایشن اتھارٹی کی رہائشی کالونی میں اپنے گھر پر لے آئے۔ اس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پوری آبادی کو قرنطینہ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کالونی میں رہائش پذیر افراد نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کورونا کے سدباب میں غیر سنجیدہ ہے۔ ائرپورٹ پر جو ملازمین فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں انہیں محض سرجیکل ماسک اور دستانے فراہم کیے گئے ہیں جو کورونا سے بچانے کے لیے ناکافی ہیں۔ اس وقت پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اپنے ملازمین کو تحفظ کے لیے مناسب سازو سامان دیے بغیر ان سے دھونس اور دھمکی کے ذریعے کام لے رہے ہیں۔ اس وقت کراچی ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل ہے مگر پھر بھی پی آئی اے انتظامیہ ٹریفک سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو روز حاضر ہونے پر مجبور کررہی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کالونی شاہ فیصل کالونی، ملیر ماڈل کالونی، بھٹائی آباد جیسی گنجان آبادیوں سے متصل ہے اور اگر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین سے مناسب ساز و سامان کے بغیر فرنٹ لائن پر کام کروایا گیا تو پھر ان آبادیوں میں بھی کورونا وبا کی صورت میں پھیلنے کا خطرہ ہے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں