ا سپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے،واجد علی

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں اسپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا میں کھیلوں کے میدان ویران ہو چکے ہیں اور اس سے کھیلوں اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت اور عوام معاشی مسائل سے بھی دوچار ہے، اس صورتحال سے ملکی معاشیات کو بھی کافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں کھیلوں کو زندہ رکھنے کے لیے اسپانسر کا سہارا لینا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں واجد چوہدری نے کہا کہ ملک میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل سطح پر کئی میڈلز حاصل کررکھے ہیں اور حکومت ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں، یہ معلوم نہیں ہے کہ اس وباء پر کب قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں