لگتا ہے این ڈی ایم اے کو ہی ختم کرنا پڑے گا،چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان نے چین سے درآمد مشینری کی دستاویزات فراہمی نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کا نوٹس کردیں؟ این ڈی ایم اے کو ختم کرنے کیلئے وزیراعظم کو سفارش کردیں؟ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کورونا ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ این ڈی ایم اے کا نمائندہ کہاں ہے؟چائنا سے الحفیظ کے نام سے مشینری درآمد کی گئی، اس کے دستاویزات کہاں ہیں؟ گزشتہ 3 سماعتوں سے دستاویزات مانگے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نمائندہ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ایل سی کمپنی نے خریدی ہے اورکسٹم کو ڈیوٹی دی ہے جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے سوال کیا کہ جو مشینری چائنا سے درآمد کی گئی اس کی قیمت کس نے ادا کی؟ چیف جسٹس نے پوچھا کہ الحفیظ کیا ہے؟ کون ہے؟ مالک کون ہے؟ کچھ سامنے نہیں آیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی کو ایک پیسابھی نہیں کھانے دیں گے، لگتا ہے این ڈی ایم اے کو ہی ختم کرنا پڑے گا، عدالتی احکامات کی تضحیک کی گئی، یہ عدالت کے ساتھ مذاق ہے این ڈی ایم اے کو معلوم ہی نہیں عدالت کے ساتھ کیسے چلنا ہے، ایک ہی کمپنی کو کیسے رعایت دی گئی وزیراعظم کو کہہ دیتے ہیں کہ سارا این ڈی ایم اے فارغ کردیں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ ویکسین کی درآمد کے کاغذات کہاں ہے، ویکسین کی تحویل میں لینے کا تمام ڈیٹا فراہم کرنا تھا، وہ ویکسین کہاں گئی؟ این ڈی ایم اے نے صرف 4 کاغذ لگاکرجان چھڑانے کی کوشش کی۔ سپریم کورٹ نے این ڈی ایم اے کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ این ڈی ایم اے اربوں روپے کیسے خرچ کررہا ہے کورونا، سیلاب، ٹڈی دل اور سب کچھ این ڈی ایم اے کو سونپا گیا ہے، این ڈی ایم اے کو فری ہینڈ اوربھاری فنڈز دیے گئے تاکہ کورونا سے لڑا جاسکے، این ڈی ایم اے عدالت اور عوام کو جوابدہ ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ این ڈی ایم اے کے ممبر ایڈمن کو خود کچھ معلوم نہیں،این ڈی ایم اے ٹڈی دل کیلئے جہاز اور مشینری منگوا رہا ہے، صرف زبانی نہیں دستاویزات سے شفافیت دکھانی پڑے گی، این ڈی ایم اے کو ختم کرنے کیلئے وزیراعظم کو سفارش کردیں؟ ویکسین اور ادویات کی امپورٹ کی دستاویز کہاں ہیں؟ لگتا ہے ہمارے ساتھ کسی نے بہت ہوشیاری اور چالاکی کی ہے، کراچی میں اتنا کیش کوئی کیسے دے سکتا ہے،3 بار نوٹس کرچکے، این ڈی ایم اے وضاحت کرنے میں ناکام رہا، چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کا نوٹس کردیں؟

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں