امت مسلمہ کی لیڈر شپ پاکستان کے ہاتھ آئے گی: صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان معیشت بہتر کر کے مسلم امہ کی قیادت حاصل کر سکتے ہیں، لگتا ہے امت مسلمہ کی لیڈر شپ پاکستان کے ہاتھ آئے گی۔ کورونا وائرس کے باوجود معیشت کا استحکام بہت بڑی جیت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں خطاب کیا۔ تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات شبلی فراز اور شہریار آفریدی سمیت عمر ایوب، معید یوسف، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومیں صحت اور تعلیم کے باعث غربت سے نکلتی ہیں، ہم نے احساس پروگرام کے تحت غریب عوام سے رشتہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی جب کہ مغربی ممالک ایک سو تارکین کو بھی پناہ نہیں دیتے، پاکستان نے انتہا پسندی کے خلاف قوموں کو جوڑا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں، 74 سال میں قوم نے آزمائشوں سے بہت کچھ سیکھا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر پر نئے نقشے کا اجرا بہت بڑا کام ہے، 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا گیا۔

کورونا سے متعلق صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ایک قوم بن کر کورونا وائرس کا مقابلہ کیا، کورونا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہوا، وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، حکومت نے کورونا کے خلاف کامیاب حکمت عملی اپنائی۔ قوم نے سماجی فاصلے کو اپناتے ہوئے عبادات جاری رکھیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں