سندھ حکومت کا کراچی پیکج پر عمل شروع ہونے کا دعویٰ

سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے اعلان کردہ کراچی پیکج پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان سندھ حکومت و مشیر برائے وزیراعلیٰ سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کراچی نیبرہوڈ امپروومنٹ پروگرام کے تحت ملیر سعودآباد چورنگی تا تھڈو نالہ تک سڑک کی تعمیر شروع کردی گئی ہے جو کراچی پیکج کا حصہ تھی۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اس منصوبے کی تفصیلات بھی شیئر کی گئی ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سعودآباد چورنگی تا تھڈو نالہ تک معیاری شاہراہ تعمیر کی جارہی ہے، اس شاہراہ پر ملیر کھوکھرا پار کے مقام پر قائم برج کی مرمت اور اسے دو رویہ کیا جارہا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا ہے کہ یہ منصوبہ سندھ حکومت کے ایک اعشاریہ ایک کھرب روپے کے کراچی پیکج کا حصہ تھا جسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جا ئے گا ۔ انہوں نےکہا ہے کہ سندھ حکومت نے شہریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اس شاہراہ کو پبلک کے لیے آئندہ ماہ کے آخر یعنی اکتیس اکتوبر دو ہزار بیس تک کھول دیا جا ئے گا ۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہم صوبے کی عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، پیپلزپارٹی اپنے منشور عوام کی خدمت کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہر کی بہتری اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبے بھی بروقت مکمل کیے جائیں گے، ہم پر تنقید کرنے والے دیکھ لیں کہ کس طرح پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل کررہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں